اسلام آباد، کراچی ( نیوز رپورٹر ،نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام پائیدار امن کے قیام کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو ان کا حق دیا جائے۔ دیرپا امن کے لئے غزہ میں سیز فائر کی خلاف ورزیاں ختم ہونی چاہئیں۔ واشنگٹن میں بورڈ آف پیس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت میرے لئے باعث افتخار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غزہ میں پائیدار امن ہمارا مشن ہے۔ وزیراعظم نے تنازعات کے حل کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کی بھی تعریف کی۔ وزیراعظم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی بروقت مداخلت سے پاک بھارت جنگ رکی اور جنگ بندی سے کروڑوں قیمتی جانیں بچیں۔ وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین کا مکمل حق ہونا چاہئے۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لئے آج کا دن تاریخ کا سنہری باب ہے۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں امن قائم کرنا آپ کی بہت بڑی کامیابی اور میراث ہوگی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ مشرق وسطی میں پائیدار امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے۔