اسلام آباد (مہتاب حیدر) نیویارک روزویلٹ ہوٹل کی بحالی، پاکستان اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کیلئے تیار، مشیر وزیر اعظم محمد علی کا کہنا ہے اگلے ماہ مالیاتی مشیر کا انتخاب ہوگا، جو ہوٹل کی تعمیر کے ڈھانچے کو ترتیب دے گا۔ حکومت ملکیت فراہم، سرمایہ کار فنڈز جمع کر کے ہوٹل تعمیر کریگا، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی روابط سی پیک2 کے تحت مزید مضبوط، پاکستان نے بین الاقوامی تعلقات میں نئے طرز کے تحت اپنے شراکت دار ممالک کے ساتھ تعلقات استوار کیے ہیں، وفاقی وزیر احسن اقبال نے بتایا 2035 تک 600 ارب ڈالر کی معیشت بننا یا ایک کھرب ڈالر کی معیشت میں تبدیل ہونا واضح انتخاب ہے، نوجوانوں کو جدید ہنر سے لیس کیا جائیگا۔ وزیر اعظم کے پرائیوٹائزیشن کے مشیر محمد علی نے پاکستان گورننس فورم (پی جی ایف) کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نیویارک کے روزویلٹ ہوٹل کی بحالی کے لیے چار سے پانچ ارب ڈالر کے مشترکہ سرمایہ کاری معاہدے کے حصول کے لیے تیار ہے۔