• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناجائز منافع خوری برداشت نہیں کی جائیگی، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ وزیراعلیٰ سندھ کا برنس روڈ اور ایمپریس مارکیٹ کا دورہ، رمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ،سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت، تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی نے جمعرات کے روز رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے اور سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے کراچی کے اہم تجارتی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر ناصر شاہ، معاونِ خصوصی عثمان ہنگورو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر بہادر ڈاہری اور کمشنر کراچی حسن نقوی بھی تھے۔ دورے کا آغاز برنس روڈ سے ہوا جہاں وزیراعلیٰ نے پکے ہوئے کھانوں، پھلوں اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دکانوں اور ٹھیلوں پر آویزاں نرخ ناموں کی جانچ پڑتال کی اور دکانداروں و شہریوں سے براہِ راست گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا اشیائے خوردونوش اور پھلوں کی قیمتیں سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخوں کے مطابق ہونی چاہئیں۔ رمضان کے دوران ناجائز منافع خوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ ایک دہی بڑے کی دکان پر رکے اور 600 روپے فی کلو کے حساب سے دہی بڑے خریدے۔ انہوں نے جلیبی کی قیمت 1200 روپے فی کلو سن کر حیرت کا اظہار کیا۔ کمشنر کراچی نے انہیں آگاہ کیا کہ بیشتر اشیاء کی قیمتیں سرکاری طور پر مقرر ہیں تاہم جلیبی فی الحال نوٹیفائیڈ نرخوں میں شامل نہیں۔ دکاندار کی جانب سے رقم وصول کرنے میں ہچکچاہٹ کے باوجود وزیراعلیٰ نے مکمل ادائیگی پر اصرار کیا۔

اہم خبریں سے مزید