کراچی (نیوز ڈیسک) ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد تہران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب سمیت مختلف شہروں پر میزائلوں اور ڈرونز حملوں کی بارش کردی، حملوں میں تل ابیب اور وسطی اسرائیل سمیت کئی علاقوں میں فوجی تنصیبات کونشانہ بنایا گیا ہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب سمیت کئی شہروں خوف وہراس ، شہریوں نے شیلٹرز میں پناہ لے لی،اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی حملوں میں 89افراد زخمی ہوئے ہیں ، امریکی واسرائیلی حملوں کے بعد خطہ بھی آگ کی لپیٹ میں آگیا، ایران نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر بھی میزائل برسادیئے ، سعودی عرب ، قطر ، بحرین ، متحدہ عرب امارات ، کویت ،عراق، شام اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات پر میزائل حملے کئے گئے ہیں ۔ایران نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کوآپریشن وعدہ صادق 4کا نام دیا ہے۔دنیا کی بڑی ایئر لائنز نے خطے میں اپنی پروازیں منسوخ کردی ہیں ۔پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کی نقل حمل روک دی، امریکا نے تجارتی جہازوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آبنائے ہرمز اور خلیج سے دور رہیں ۔امریکا کا کہنا ہے کہ ایران کے جوابی حملوں میں اس کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے تاہم امریکی تنصیبات کو معمولی نوعیت کا نقصان پہنچا ہے ۔امریکی سینٹ کام کے مطابق سیکڑوں ایرانی میزائل اور ڈرونز حملوں کے خلاف کامیابی سے دفاع کیا گیا ہے ۔ایران کی جانب سے ریاض ، دوحہ، منانا،دبئی اور ابوظبی میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات اور اس کے اطراف میں میزائل حملے ہوئے ہیں ۔ایران نے قطر میں العدید ائیربیس،کویت میں السلیم ائیربیس، یواے ای میں الدفرا ائیربیس اور بحرین میں بحری ائیربیس کو نشانہ بنانےکی تصدیق کی ہے۔دبئی میں دنیا کی سب بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے قریب بھی ڈرون حملہ ہوا ہے ۔ کویت میں اطالوی فضائیہ کے بیس پر ایرانی میزائل حملہ ہوا ہے۔ایرانی میزائل حملے میں کویت کے ایک فوجی اڈے کے رَن وے کو ’’نمایاں نقصان‘‘ پہنچا ہے جہاں اطالوی فضائیہ کے اہلکار تعینات ہیں۔کویتی وزارت دفاع کے مطابق امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملےمیں 3کویتی فوجی معمولی زخمی بھی ہوئے ہیں۔قطر میں امریکی اڈے کی طرف 66میزائل داغے گئے ہیں جبکہ قطری وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں اور میزائلوں کے ٹکڑے لگنے سے 8افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔قطر اور کویت نے ایرانی سفیر کو طلب کرکے احتجاج بھی کیا ہے۔ابو ظبی اور دبئی میں بھی دھماکے ہوئے ہیں ۔ بحرین میں حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں میں تین رہائشی عمارتوں کو ڈرون حملوں اور میزائلوں کے ٹکڑے لگنے سے نقصان پہنچا ہے۔ بحرین نے اپنے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی درخواست کی ہے ، پاکستانی سفارتی حکام نے متحدہ عرب امارات میں امریکی بیس پر ایرانی جوابی کارروائی میں پاکستانی شہری کے مارے جانے کی تصدیق کردی۔سفارتی حکام کے مطابق ابوظبی میں پاکستانی شہری میزائل کے ٹکڑے لگنے سے جاں بحق ہوا۔ عراق میں ایران کے حمایت یافتہ گروپ کتائب حزب اللہ کے اڈے پر بھی فضائی حملہ ہوا ہے، ایرانی حمایت یافتہ گروپ کے مطابق حملے میں اس کے دو اہلکار شہید ہوگئے ہیں ۔ پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہےکہ اس نے خطے میں موجود کئی امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں بحرین میں تعینات امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ بھی شامل ہے۔ایرانی پاسدران انقلاب کا کہنا ہےکہ آپریشن وعدہ صادق 4امریکی فوج اور بچوں کے قاتل صہیونی حکومت کے خلاف کیا جارہا ہے، جس کے تحت جارح دشمن کے علاقائی اہداف پر حملے کئے گئے ہیں۔ایرانی پاسدران انقلاب نے اس عزم کا اظہار کیا ہےکہ ایران کی مسلح افواج کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملے جاری رہیں گے۔