کراچی (نیوز ڈیسک) خامنہ ای کی شہادت پر بھارتی اپوزیشن کی شدید مذمت، مودی کی پر اسرار خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ ایسی بزدلی کبھی نہیں دیکھی اور نریندر مودی کو بدترین اخلاقی زوال کا شکار قرار دیا۔ ملک بھر میں احتجاجات، تین روزہ سوگ کا اعلان، پریانکا گاندھی کا کہنا تھا کسی خودمختار ملک کے رہنماؤں کو نشانہ بنانا اور بے گناہ عوام کو مارنا کسی طرح بھی قابل قبول نہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق اپوزیشن نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہادت کے بعد وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کی اور ان کی حکومت کی خاموشی کو بھارت کی روایتی خارجہ پالیسی کے ترک کرنے کے مترادف قرار دیا۔ کانگریس کے پون کھیرا نے مودی حکومت کی خاموشی کو اخلاقی قیادت سے دستبرداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مکمل طور پر بھارت کے اصولوں کی دھجیاں اڑانا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے اکھلیش یادو اور عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ نے بھی مودی کی خاموشی پر احتجاج کیا۔