کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا اور اسرائیل کی طرف سے ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے چوتھے روز بھی بمباری کا سلسلہ جاری رہا، تہران اور بیروت سمیت ایران و لبنان کے مختلف شہروں پر امریکی و اسرائیلی بمباری، اسپتالوں ، شہری مراکز ، سرکاری ورہائشی عمارتوں ، اسپتالوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنایا جاتا رہا،اسرائیل نےجنوبی لبنان پر فوجی چڑھائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنوبی لبنان کے اندر نئی پیش قدمی والی پوزیشنوں پر قبضہ کر رہا ہے،حزب اللّٰہ نے کہا ہے کہ انہوں نے لبنانی حدود میںداخل ہونے والے 4اسرائیلی فوجی ٹینک تباہ کردیئے ہیں،امریکی و اسرائیلی بمباری سے بوشہر کے علاقے میں رن وے پر موجود ایرانی مسافر طیارہ تباہ ہوگیا جبکہ دوسرےکو نقصان پہنچا ہے، ایرانی حکام کے مطابق بوشہر کے ائیر پورٹ کو بھی نقصان پہنچا ہے،اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایران کے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کے ہیڈکوارٹر ز کو تباہ کردیا گیا ہے،امریکی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایران میں 1700مقامات پر بمباری کی ہے، ایران میں شہداء کی تعداد 787جبکہ لبنان میں 52ہوگئی ہے،ایران اور حزب اللّٰہ کی جانب سے اسرائیلی فوجی تنصیبات اور مراکز پر جوابی میزائل حملوں کا سلسلہ بھی جاری رہا، تل ابیب ، حیفہ ، مقبوضہ بیت المقدس اور مقبوضہ گولان پرمیزائل برسائے گئے،ایران نے سعودی عرب میں تیل کی تنصیب پر ڈرون حملے کی تردید کی ہے ، ایران کی جانب سے خطے میں امریکی سفارتخانوں اور فوجی اڈوں پر بھی میزائل داغے گئے ہیں، سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض، قطر کے دارالحکومت دوحہ،متحدہ عرب امارات کی ریاستوں ابو ظہبی ،دبئی ،بحرین کے دارالحکومت مناما اور کویت میں امریکی سفارتخانوں ، فوجی اڈوں اور غیر ملکی تنصیبات پر میزائل حملے کئے گئے ، ریاض میں امریکی سفارتخانے پر ڈرون حملوں کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی،کویت اور سعودی عرب نے ریاض اور کویت سٹی میں امریکی سفارتخانوں پر ایرانی حملوں کی مذمت کی ہے، ریاض اور کویت میں امریکی سفارتخانوں پر حملوں کے بعد انہیں بند کردیا گیاہے ،بیروت میں موجود امریکی سفارتخانے کو بھی بند کردیا گیا ہے،دبئی میں امریکی قونصل خانے کی عمارت کی پارکنگ پر ڈرون حملہ ہوا ہے تاہم امریکی حکام کے مطابق اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،ایران کے سرکاری میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بحرین میں ایک حملے میں امریکی فضائی اڈہ تباہ کر دیا گیا ہے،ایرانی میڈیا کے مطابق خلیج فارس میں امریکا کے سب سے بڑے ریڈار پر ایرانی میزائل حملے سے ریڈار کو شدید نقصان پہنچا ہے،امریکی ریڈار کی رینج 5000 کلومیٹر تک اور مالیت ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہے،آسٹریلیا نے کہا ہے کہ دبئی میں موجود مشرق وسطیٰ کیلئے اس کا فوجی ہیڈکوارٹرز بھی ایرانی میزائل حملوں میں نشانہ بنا ہے تاہم وہاں موجود فوجی اہلکار محفوظ رہے ،قطر نے کہا ہے کہ وہ ایران کیخلاف فوجی کارروائیوں کا حصہ نہیں ہے ، اماراتی ریاست فجیرہ میں آئل ڈپو پرڈرون حملے سے آگ بھڑک اٹھی ، ایران نے عمان پر ڈرون حملوں کی تردید کی ہے، امریکا نےبحرین ، عراق، اردن ، کویت ، قطر اور متحدہ عرب امارات سمیت 6خلیجی ممالک میں موجود اپنے نان ایمرجنسی عملے کو انخلا کی ہدایت کردی ہے، اردن کے دارالحکومت عمان میںامریکی سفارتخانے کے عملے کو ایک روز قبل نکال لیاگیا تھا ، امریکی محکمہ خارجہ نے سنگین حفاظتی خطرات کی وجہ سےامریکی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک اور علاقوں سے فوری طور پر نکل جائیںاور انخلا کیلئے مصر کے راستے کاانتخاب کریں،امریکا محکمہ خارجہ نے بتایا ہے کہ انہوں نے اسرائیل سے اپنے 230شہریوں کو انخلا میں مدد فراہم کی ہے ،امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ انہوں نے جنگ کے آغاز کے بعد سے اپنے 9ہزار شہریوں کو مشرق وسطیٰ سے نکال لیا ہے ، امریکا نے مشرق وسطیٰ میں پھنسے ہوئے اپنے 3ہزاروں شہریوں کے انخلا کیلئے فوجی اورچارٹر پروازیں شروع کرنے کا اعلان کرتےہوئےبتایا ہے کہ اسرائیل میں موجود 500امریکی شہریوں نے انخلا کیلئے رابطے کئے ہیں،یورپی یونین نے بھی مشرق وسطیٰ سے اپنے شہریوں کے انخلا میں مدد فراہم کرنا شروع کردی ہے،جرمنی نے بھی خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کے انخلاکی کارروائیاں شروع کردی ہیں،ایران کے پاسداران انقلاب کے ترجمان علی محمد نائینی نے متنبہ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل پر جہنم کے دروازے لمحہ بہ لمحہ مزید کھلتے جائیں گے۔