کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران اور لبنان پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رہا، ایران میں شہید افراد کی تعداد 1230ہوگئی ہے جبکہ لبنان میں شہداء کی تعداد 70سے زائد ہوگئی ،میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران نےاپنی حدود میں امریکی ایف 15طیارہ مار گرایا ہے ، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے 7اسرائیلی ڈرونز بھی تباہ کردیئے ہیں ، ایران کی جانب سے خطے میں امریکی فوجی تنصیبات اور اسرائیل پر میزائل حملوں کا سلسلہ بھی جاری رہا ، امریکا کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں میںہلاک امریکی فوجیوں کی تعداد 6ہوگئی ہے ، بحرین نے بتایا ہے کہ ملک کی مرکزی سرکاری آئل ریفائنری پرایرانی میزائل حملوں کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پالیا ہے۔ ابوظبی میں یکے بعد دیگرے زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں،متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جمعرات کو 7 بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کے لیےکارروائی کی، دفاعی نظام نے 6 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا، ایک ملکی حدود میں گرا۔جمعرات کے روز متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی کے ایک صنعتی علاقے میں ڈرون کا ملبہ گرنے سے چھ افراد زخمی ہو گئے، جبکہ دبئی، دوحہ اور منامہ کو میزائل حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ہفتے کے روز ایران کی جانب سے حملوں کے آغاز کے بعد سے اب تک خلیج میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سات عام شہری بھی شامل ہیں۔ ابوظہبی کے حکام نے بتایا ہے کہ ڈرون کا ملبہ گرنے کے واقعے کے نتیجے میں پاکستانی اور نیپالی باشندوں سمیت 6افراد کو معمولی سے درمیانی نوعیت کے زخم آئے۔"دوحہ میں اے ایف پی کے صحافیوں نے قطری دارالحکومت سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے اور پورے شہر میں زوردار دھماکوں کی اطلاع دی۔ قطر کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ اس کی فوج آنے والے میزائل کو روکنے کے لئے کام کر رہی ہے۔ اس سے قبل قطری حکام نے کہا تھا کہ وہ دوحہ میں امریکی سفارت خانے کے قریب رہنے والے رہائشیوں کو نکال رہے ہیں۔ دبئی اور منامہ کے رہائشیوں نے بھی دن کے اوائل میں دھماکوں کی آوازیں سنیں۔ سعودی عرب میں حکام نے بتایا کہ انہوں نے تین کروز میزائلوں اور کئی ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔ سعودی وزارتِ دفاع نے ایکس (X) پر پوسٹ کیا: "الخرج شہر کے باہر تین کروز میزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا گیا۔