• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کی گئی جنگ ساتویں روز بھی شدت سے جاری

تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز)امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کی گئی جنگ ساتویں روز بھی شدت سے جاری رہی ، امریکی و اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے جواب میں پاسداران انقلاب اور حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل میں فوجی تنصیبات اور خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور دیگر تنصیبات پر میزائل اور ڈرون سے حملے کئے گئے ، ایران نے آپریشن وعدہ صادق 4کے تحت اسرائیل پر حملوں کی جاری 20ویں لہر میں خیبر میزائلوں سے بھی اسرائیل کو نشانہ بنایا ہے ۔ مشرق وسطیٰ میں امریکی تنصیبات بھی ایران کا ہدف بنے۔ کویت کے علی السلیم ایئربیس اوربحرین کے دارالحکومت منامہ میں اڈوں پر ڈرونز سے حملہ کیا گیا ہے۔ایران نے کہا ہے کہ انہوں نے دبئی میں اس امریکی اڈے پرمیزائل داغے ہیں جو ایران میں اسکول پر امریکی بمباری کیلئے لانچ پیڈ کے طور پر استعمال ہوا تھا۔کویتی حکام کے مطابق ایران کے میزائل حملوں میں اب تک 67فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ عراق میں امریکی کمپنی کےزیرانتظام آئل فیلڈ بھی نشانہ بنا۔عراق کے شہر بصرہ میں امریکی طیارہ گرنے کی اطلاع ہے۔ پائلٹ کی تلاش جاری ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ ان کی افواج نے متحدہ عرب امارات، اردن اور قطر میں ریڈار سسٹمز ، کویت میں امریکی فوجی اڈوں اور کویت کے ساحل کے قریب ایک امریکی آئل ٹینکر کو بھی نشانہ بنایا ہے ، پاسدارانِ انقلاب کی ویب سائٹ سپاہ نیوز کے مطابق پاسداران نے بتایاکہ متحدہ عرب امارات اور اردن میں نصب امریکی تھاڈ (THAAD) ریڈارز، اور قطر میں قائم امریکی FPS-132 اوور دی ہورائزن ریڈار (ڈیزرٹ آئی) کو سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کے میزائل اور ڈرون یونٹس نے تباہ کر دیا ہے۔امریکی ٹی وی نے سیٹیلائیٹ تصاویر کی مدد سے ایران کی بڑی جنگی کامیابیوں کی تصدیق کی ہے۔ایرانی میزائل اسرائیل کے سب سے بڑے بن گوریان ائیرپورٹ کی حدود میں آگرا۔امریکی واسرائیلی طیاروں نے ایران اور لبنان میں رہائشی عمارتوں پر بم برسادیئے، تہران اور بیروت کی عمارتوں سے آگ اور دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دیئے۔ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ جوہری تنصیب نطنز کے قریب ایک بار پھر بمباری کی گئی ہے۔ایران میں شہید افراد کی تعداد 1332 ہوگئی ہے جبکہ لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک217افراد شہید اور 798 زخمی ہو چکے ہیں۔لبنان پر حملوں سے قبل اسرائیلی فوج نے لاکھوں افراد کو شہر کے جنوب سے نکلنے کا حکم دیا تھا۔امریکی میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ ایران نے جنگ کے آغاز میں ہی اردن، قطر اورمتحدہ عرب امارات میں اس کے دفاعی نظام اورجاسوسی آلات کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے،اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل کے بن گوریان ایئرپورٹ پر میزائل حملہ کیا ہے، ایرانی میزائل بن گوریان ائیرپورٹ کی حدود میں گرا، تل ابیب کی فضاؤں میں بھی کئی میزائیل انٹرسیپٹ ہوئے۔تل ابیب پر میزائلوں کی بارش کے دوران شہری شیلٹرز میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔

اہم خبریں سے مزید