• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آیت اللّٰہ علی خامنہ کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای ملک کے نئے رہبر اعلیٰ منتخب

تہران/واشنگٹن /القدس(اے ایف پی / نیوز ڈیسک )ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای ملک کے نئے رہبر اعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کی قیادت میں تہران نے اسرائیل پر میزائل حملے تیز کردیئے ہیںجبکہ ایرانی افواج نے سعودی عرب، بحرین، قطراور متحدہ عرب امارات پر میزائل اور ڈرون حملوں کی ایک نئی لہر شروع کر دی ہے‘بحرین میں آئل ریفائنری کو نشانہ بنایاگیاہے‘ادھرنیٹو کاکہنا ہے کہ اس نے پیرکوایران سےداغے گئے دومیزائل ترکیہ کی فضائی حدود میں مارگرائے ہیں ‘انقرہ نے ایران کے سفیر کو طلب کرکے واقعہ پر شدید احتجاج کیاجبکہ ایرانی صدر نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے مشترکہ ٹیم بنانے کی پیش کی ہے ‘اس کے علاوہ اماراتی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ مسلح افواج کے دو اہلکاراپنے قومی فریضے کی ادائیگی کے دوران فنی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر گرنے سے ہلاک ہو گئے ۔عراق ‘روس ‘عمان اور آذربائیجان نے نئے سپریم لیڈر کو مبارکباد دی ہےجبکہ جنگ میں مرنے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 8ہوگئی ‘عراق میں بھی بغداد ایئر پورٹ کے قریب واقع امریکی سفارت خانے کے لاجسٹک سپورٹ کیمپ کو نشانہ بنایا گیا ہےجبکہ امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد تہران اور قم شہر میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں ‘ایرانی صوبے لورستان میں بمباری کے نتیجے میں دوسری ‘چوتھی اور ساتویں جماعت کے تین کمسن طلبہ شہید ہوگئے ہیں ۔حزب اللّٰہ نے تل ابیب کے قریب رملہ میں واقع اسرائیلی ہوم فرنٹ کمانڈکے اڈے کوجدیدمیزائلوں سےنشانہ بنایا ہےجبکہ شام کے صدراحمد الشرح کے مطابق ان کا ملک حزب اللّٰہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے لبنان کے ساتھ کھڑا ہے‘ اسرائیلی میڈیا کے مطابق وسطی اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملے میں کم از کم ایک شخص ہلاک جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے بن گورین ائیر پورٹ پر اسرائیل چھوڑ کر جانے والے افراد نے روکے جانے پر ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور پاسداران انقلاب نے نئے رہبر اعلیٰ کی بیعت کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ نئے سپریم لیڈر کے احکامات کی مکمل پیروی کے لیے پوری طرح تیار ہےجبکہ صدرٹرمپ نے امریکی اخبار کو بتایاہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای کی بطور ایرانی سپریم لیڈر تقرری پر "خوش نہیں" ہیں‘مجتبیٰ خامنہ ای کو منتخب کرکے انہوں نے بڑی غلطی کی ہے ‘امریکی فوج ایران بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا‘خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ عارضی ہے‘ قیمتیں تیزی سے نیچے آئیں گی‘یہ امریکا اور دنیا کے امن اور حفاظت کےلیے ایک بہت ہی چھوٹی قیمت ہے‘ادھرقطر کے امیر اور جرمن چانسلر نے جنگ کے خاتمے کے لیےسفارتی حل پر زوردیا ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے ڈرون ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیاہے ۔حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اس نے سرحد کے قریب اسرائیلی فوجیوں کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا ہے۔واشنگٹن نے تمام امریکی شہریوں کو جنوب مشرقی ترکیہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے جہاں کئی فوجی اڈوں پر امریکی افواج تعینات ہیں۔ ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے تہران کو ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ ہماری مخلصانہ وارننگزکے باوجود اشتعال انگیز اقدامات کا سلسلہ جاری ہے جودونوں ممالک کی دوستی کو خطرے میں ڈال دیں گے۔ مشرق وسطیٰ اور خلیج میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں25فیصدبڑھ کر 120ڈالرفی بیرل ہوگئی ہیں ‘تیل کی قیمتوں میں کمی کےلیے جی7 ممالک بھی متحرک ہوگئے ہیں اور خام تیل کے ہنگامی ذخائر کے استعمال کی تجویز دی گئی ہے۔ فرانسیسی صدرایمانوئل میخواں نے کہا کہ فرانس اور اس کے اتحادی آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایک "دفاعی" مشن کی تیاری کر رہے ہیں۔ صدرمیخواں کا کہنا ہے کہ صرف بمباری سے ایران میں رجیم چینج ممکن نہیں ۔ ایران کے سیکورٹی چیف علی لاریجانی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمزاس وقت تک غیرمحفوظ رہے گی جب تک امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ جاری ہے۔ بحرین کی سرکاری توانائی کمپنی بابکو نے بھی تیل سپلائی منقطع کرنے کا اعلان کردیاجبکہ سعودی عرب کا کہنا ہےکہ مملکت کو اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا پورا حق حاصل ہے‘ اقوامِ متحدہ کے لیے متحدہ عرب امارات کے سفیر جمال المشرخ کا کہنا ہےکہ ہم واضح کر چکے ہیں کہ امارات اپنی سرزمین سے ایران کے خلاف کسی بھی حملے کا حصہ نہیں بنے گا اور نہ ہی ہم اس طرح کے کسی تنازع میں شامل ہوں گے‘ ہمارے اڈے ایران پر حملے کے لیے استعمال نہیں کیے جا رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید