بیروت (اے ایف پی) اسرائیلی فضائی حملے بیروت کے مرکز تک پہنچ گئے، لبنان بھر میں جھڑپوں میں شدت، رہائشی عمارت پر صہیونی حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، اسرائیلی حملوں میں شہادتیں 570 تک پہنچ گئیں۔ 8 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے، اقوام متحدہ کی امن فورس کی حمایت کرنیوالے 30 ممالک نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیل نے لبنان بھر میں اپنے حملے تیز کرتے ہوئے بدھ کے روز دارالحکومت بیروت کے مرکزی علاقے میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جو مشرق وسطیٰ کی حالیہ جنگ شروع ہونے کے بعد شہر کے قلب پر دوسرا بڑا حملہ ہے۔ یہ کشیدگی اس وقت بڑھی جب حزب اللہ نے امریکی اسرائیلی حملوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد اسرائیل پر حملہ کیا تھا۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں اور سرحدی کارروائیوں میں اب تک 570 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں شہری بے گھر ہو گئے ہیں۔