کراچی( ثاقب صغیر )این سی سی آئی اے کراچی نے منظم طور پر چلائے جانے والے کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کراچی کے مطابق ڈی ایچ اے فیز ٹو ایکسٹینشن کراچی میں واقع بلڈنگ پر چھاپہ مارا گیا۔بلڈنگ کا معائنہ کرنے پر پتہ چلا کہ اس جگہ پر ایک منظم اسکیم کال سینٹر چل رہا ہے جہاں کئی افراد جعل سازی کے ذریعے غیر ملکی بینکوں کے کالنگ ایجنٹ کے طور پر کام کرتے ہوئے پائے گئے۔ ابتدائی تجزیے میں غیر قانونی Scamming کال سینٹر میں ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ یہ ایجنٹس حساس بینکنگ معلومات حاصل کرنے کے لیے غیر ملکی بینکوں کے نمائندوں کی نقالی کرتے ہوئے ان کو اسپوفنگ کے زریعے جعلی نمبروں سے کال کر کے ان کی خفیہ بینکنگ تفصیلات جیسے سوشل سیکورٹی نمبرز، فون نمبرز، تاریخ پیدائش اور CVV کوڈز غیر قانونی طور پر جمع کر لیتے تھے۔ حاصل کردہ ڈیٹا کو مبینہ طور پر مرچنٹس اکاؤنٹس کے ذریعے غیر مجاز مالی فوائد حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ چھاپے کے دوران 14 لیپ ٹاپ، 10 موبائل فونز اور ہزاروں غیر ملکی شہریوں کے بینکنگ ڈیٹا سمیت جعل سازی اور دھوکہ دہی کے لیے استعمال ہونے والے ڈیجیٹل آلات اور سافٹ ویئر برآمد ہوئے۔ تمام ڈیجیٹل آلات اور متعلقہ شواہد گواہوں کی موجودگی میں ضبطی میمو کے ذریعے موقع پر ضبط کر کے 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔حکام کے مطابق 4 ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ضبط شدہ ڈیجیٹل آلات کو تکنیکی تجزیہ کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔