• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آبنائے ہرمز بند رہے گی، امریکا خلیج میں فوجی اڈے ختم کرے، مجتبیٰ خامنہ ای، تیل کے جہازوں کو سیکورٹی دینے سے امریکا کا انکار

تہران/دبئی /واشنگٹن(اے ایف پی /نیوز ڈیسک )ایران پر وسیع اسرائیلی حملوں کی لہر جاری ‘ حزب اللہ کا اسرائیل پر بڑااٹیک ‘200راکٹ فائر ‘ اسرائیلی فضائی دفاعی نظام نشانہ‘ تہران کے عراق ‘ کویت اور امارات میں امریکی تنصیبات اور فوجی اڈوں پر حملے ‘امریکی شپ سمیت تین بحری جہازوں کو نشانہ بنایاگیا‘دبئی کے مرکز میں دھماکے‘ عراقی شہر بصرہ میں بندرگاہ پرآئل ٹرمینلزآپریشن معطل ‘ بحرین میں تیل کے ٹینکوں میں آتشزدگی‘ کویت سمیت خلیجی ممالک میں عیدتقریبات اور مختلف پروگرامز منسوخ ‘ مشرقِ وسطیٰ کے سفر اور سیاحت کے شعبے کو یومیہ کم از کم600ملین ڈالرکا نقصان‘عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ایک بار پھر 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی‘ایران کے خلاف آپریشن میں شامل امریکا کے سب سے بڑے طیارہ بردارجہاز یوایس ایس جیرالڈ فورڈ میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں عملے کے دوافراد زخمی ہوگئے‘ ایرانی نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی نے کہا ہے کہ تہران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں نہیں بچھائیں‘امریکی وزیرتوانائی کرس رائٹ کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل بردار بحری جہازوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار نہیںجبکہ ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنا پہلا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران حملے جاری اورآبنائے ہرمز کو بند رکھے گا‘اسکول کے بچوں سمیت شہید ہونے والے تمام ایرانیوں کے خون کا بدلہ لیا جائے گا‘واشنگٹن خلیج میں اپنے فوجی اڈے ختم کرے ‘اگرایسانہ ہواتو حملے جاری ر ہیں گے جبکہ امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ امریکا کے لیے نفع بخش ہے‘ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ وہ روس اور پاکستان کے صدور سے رابطے میں ہیں۔اسرائیلی فوج نے ممکنہ حملوں کے پیشِ نظر بیروت کے جنوبی علاقوں کو خالی کرنے کا حکم دے دیا‘اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف ’وسیع پیمانے پر حملوں کی لہر کا آغاز کر دیا ہےجبکہ حزب اللہ نے اسرائیل پر 200راکٹ داغ دیئے ہیں جسے اس جنگ کا اب تک کا "سب سے بڑا حملہ" قرار دیا جا رہا ہے۔ حزب اللہ کے مطابق اس نے اسرائیل کے وسطی شہر قیصریہ کے قریب اسرائیلی فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا ہے‘یہ وہی علاقہ ہے جہاں وزیراعظم نیتن یاہوکی نجی رہائش گاہ واقع ہے‘ ایران نے امریکی شپ سمیت تین بحری جہازوں کو نشانہ بنایاہے ‘ پاسدارانِ انقلاب نے عراق‘ کویت اور متحدہ عرب امارات میں امریکی تنصیبات اوراڈوںکو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیاہے ‘اے ایف پی کے مطابق دبئی کے مرکز میں دھماکے سنے گئے ہیں۔ عراقی شہر بصرہ کی بندرگاہ کے قریب دو تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد ملک کے آئل ٹرمینلز پر آپریشن روک دیا گیا۔ عملے کے زیادہ تر افراد کو بچا لیا گیا تاہم ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔بحرین میں ایران کے حملے کے بعد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب تیل اور ایندھن کے ٹینکوں میں آگ لگ گئی۔پاسداران انقلاب کاکہنا ہےکہ انہوں نے خلیج میں ایک امریکی جہاز پر حملہ کیا ہے۔فارس نیوزکے مطابق عراقی پانیوں میں بصرہ کے قریب دو تیل بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان میں سے ایک سیف سی وشنو ہے جس کی ملکیت امریکا کے پاس ہے اور اور دوسرا مارشل آئی لینڈز کے پرچم کے تحت چلتا ہے۔ایران کی جانب سے مسلسل حملوں کے نتیجے میں کویت سمیت خلیجی ممالک میں عیدتقریبات اورمختلف پروگرامز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید