• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیشتر سیاسی قوتیں عالمی مسائل پر کھل کر مؤقف نہیں دیتیں، حافظ نعیم

کراچی ( ٹی وی رپورٹ) امیر جماعت اسلامی ،حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بیشتر سیاسی قوتیں بین الاقوامی مسائل پر کھل کر مؤقف نہیں دیتیں ، انہیں خدشہ ہوتا ہے کہ کہیں ڈونلڈ ٹرمپ یا ریاست ہائے متحدہ امریکا ناراض نہ ہو جائیں، اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی کو ترقی کی علامت قرار دینا درست نہیں۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان سلیم صافی نےکہا کہ آج کے جرگہ میں بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال پر بھی بات ہوگی اور ملکی سیاست کا بھی تذکرہ ہوگا۔حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سیاست میں عوامی مسائل کو سنجیدگی سے اٹھانے والی جماعت صرف جماعت اسلامی ہے۔ معاشی مشکلات، آئی پی پیز کے معاملات، تعلیمی مسائل، نوجوانوں کے روزگار، بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کی حفاظت سمیت منشیات جیسے سنگین مسائل پر جماعت اسلامی مسلسل آواز بلند کر رہی ہے اور عملی اقدامات بھی کر رہی ہے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی محض بیانات تک محدود نہیں رہتی بلکہ اپنی استطاعت کے مطابق عملی کام کرتی ہے، جس میں آئی ٹی کورسز کا انعقاد بھی شامل ہے۔انہوں نے حکومت اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بیشتر سیاسی قوتیں بین الاقوامی مسائل پر کھل کر مؤقف اختیار نہیں کرتیں کیونکہ انہیں خدشہ ہوتا ہے کہ کہیں ڈونلڈ ٹرمپ یا ریاست ہائے متحدہ امریکا ناراض نہ ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پر امریکی حملے کے معاملے پر جماعت اسلامی کے علاوہ کسی بڑی جماعت نے واضح مؤقف اختیار نہیں کیا، جبکہ جماعت اسلامی نے کھل کر ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور امریکا و اسرائیل کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے بھی اس معاملے پر آواز اٹھائی، تاہم بڑی سیاسی جماعتیں ٹرمپ کا نام لینے سے بھی گریز کرتی ہیں۔فلسطین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی اور فلسطین کے عوام کی حمایت میں جتنی سرگرمیاں جماعت اسلامی نے انجام دی ہیں، اس کی مثال کم ملتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید