مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی،نیوز ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اتوار کوایک مختصر ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی موت کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کا مذاق اڑایا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر افواہوں کو غلط ثابت کرنے اور اپنی زندگی کاثبوت دینے کیلئے پھر عوام میں آنے سے گریز کیا اور صرف ویڈیو بیان جاری کیا جس سے ان کے بارے میں شکوک مزید بڑھ گئے ہیں کہ وہ عین جنگ کے درمیان عوام میں آنے سے کیوں گریز کررہے ہیں،انہوں نے ویڈیو بیان میںایک کیفے میں گرما گرم کافی کا کپ وصول کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیااکاؤنٹ پر طنزیہ انداز میں کہا، "میں کافی کے لیے مرا جا رہا ہوں" (I’m dead for coffee)۔ انہوں نے عبرانی زبان کا ایک محاورہ استعمال کیا جس کا مطلب کسی چیز کو بے حد پسند کرنا ہے۔اس کے بعد انہوں نے کیمرے کے سامنے اپنے ہاتھ لہرائے اور پوچھا، "کیا آپ انگلیاں گننا چاہتے ہیں؟" — یہ ان سوشل میڈیا قیاس آرائیوں کا حوالہ تھا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کا حالیہ ٹیلی ویژن خطاب آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سے تیار کردہ تھا کیونکہ ایک ہاتھ میں ان کی چھ انگلیاں دکھائی دے رہی تھیں۔"دوسری جانب، ایران کی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے اتوار کو نیتن یاہو کو قتل کرنے کی دھمکی دی۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ʼارناʼ (IRNA) نے ʼXʼ پر ایک پوسٹ میں کہا، "پاسدارانِ انقلاب نے عہد کیا ہے کہ اگر ʼبچوں کے قاتلʼ نیتن یاہو اب بھی زندہ ہیں، تو وہ ان کا پیچھا کر کے انہیں مار ڈالیں گے۔"