کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی دہشتگردی، ایک ہی دن 9پولیس اہلکاروں سمیت 17فلسطینی شہید، غزہ فضائی حملے میں گاڑی میں سوار ایک سینئر پولیس افسر سمیت دیگر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، 14 زخمی، دوسرے حملے میں ایک شخص، اس کی حاملہ بیوی اور بیٹا لقمہ اجل، مغربی کنارے میں رمضان خریداری سے واپس آنیوالی گاڑی پر فائرنگ، میاں بیوی دو بچوں سمیت شہید، دو زخمی بچوں کو صہیونی فوجیوں نے گاڑی سے نکال کر مارا پیٹا اور کہا ”ہم نے کتوں کو مار ڈالا“۔ مغربی کنارے میں ہی رات کے دوران اسرائیلی آبادکاروں کے حملے میں ایک اور فلسطینی شہید کردیا گیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کی پٹی اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں ایک ہی دن کے دوران کم از کم 16فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ کے وسطی علاقے زوایدا کے قریب ایک اسرائیلی فضائی حملے میں ایک سینئر پولیس افسر سمیت نو پولیس اہلکار اس وقت شہید ہوئے جب ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق اس حملے میں زیادہ تر عام شہری زخمی ہوئے اور کم از کم 14افراد کو چوٹیں آئیں۔ اسی روز اس سے پہلے نصیرات کے مغربی علاقے میں ایک اور فضائی حملے میں ایک شخص، اس کی حاملہ بیوی اور ان کا بیٹا شہید ہوگئے۔ ان واقعات پر اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے کے گاؤں تمون میں ایک فلسطینی باپ، ماں اور ان کے پانچ اور سات سال کے دو بیٹے اس وقت شہید کیے گئے جب اسرائیلی فوج نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ فلسطینی حکام کے مطابق خاندان کو سر میں گولیاں لگی تھیں جبکہ دو دیگر بچے زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فوجی علاقے میں مطلوب فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کر رہے تھے اور اس دوران ایک گاڑی تیزی سے ان کی طرف بڑھی جسے فوری خطرہ سمجھتے ہوئے فائرنگ کی گئی۔ فوج کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔