• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہاٹ اور لکی مروت میں فورسز کے آپریشن، 11 دہشتگرد ہلاک

کوہاٹ، لکی مروت (نیوز رپورٹر، ایجنسیاں) کوہاٹ اور لکی مروت میں فورسز کے آپریشن میں 11دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا،آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاچی میں دہشت گردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے خوارجیوں اور 6دہشت گردوں کا خاتمہ امن کے قیام کیلئے ایک اہم پیش رفت ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوہاٹ پولیس نے تحصیل لاچی کی حدود میں سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران مبینہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کوہاٹ شہباز الٰہی کے مطابق پولیس اور سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ تھانہ لاچی کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد موجود ہیں اور وہ کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی اور پولیس کی بھاری نفری نے مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کیا۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ انکے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔ ادھر سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 15 مارچ کو خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید