• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا سعودی ولی عہد اور امیر قطر سے رابطہ، خلیج میں امن کوششوں پر اعتماد میں لیا

اسلام آباد(نیوز رپورٹر ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے فون پر رابطہ کرکے پاکستان کی جانب سے خلیج میں کئے جانے والی امن کوششوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا، شہزاد محمد بن سلمان نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا اور قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، وزیراعظم نے موجودہ صورتحال میں سعودی عرب اور قطر کے غیر معمولی تحمل کو سراہا ، امیرقطر نے بھی پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو تحسین کی،وزیر اعظم کاسعودی برادر عوام کیساتھ کھڑ ے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا، دوسری جانب شہباز شریف سے بلاول بھٹو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے خلیج کی صورتحال اورملکی ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا، دوسری جانب وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملکی ضروریات کو متاثر کیے بغیرکھانے پینے کی اشیاء کی خلیجی ممالک کو برآمد کیلئے تیزی سے کام کیا جائے، فیصلہ سازی میں تاخیر قابل قبول نہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے بدھ کو ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ بیان کے مطابق خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خادمین الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے برادر عوام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد دی۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف کو عید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی پاکستان کی جانب سے شدید مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے ایک بار پھر اس مشکل وقت میں مملکت اور اس کے عوام کیلئے پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ مملکت سعودی عرب اور برادر عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا جس طرح انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فوری طور پر جنگ کے خاتمے اور صورتحال کے معمول پر آنے پر زور دیا تاکہ علاقائی صورتحال کو مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے امت کی صفوں میں اتحاد اور ہم آہنگی پر زور دیا جس کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کی شام قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

اہم خبریں سے مزید