تہران /القدس(اے ایف پی /نیوز ڈیسک ) امریکا اورایران کے مابین مذاکرات کی خبروں کے باوجود میدانِ جنگ میں کوئی کمی نہیں آئی۔ اسرائیل نے ایران میں بحری جہازوں اور آبدوزوں کی تعمیر کے مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیاہے جبکہ تہران میں رہائشی علاقوں پر بھی بمباری کی اطلاعات ہیں۔ جواب میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیلی شہروں دیمونا اور حیفہ کو نشانہ بنایا ہے جبکہ کویت‘اردن اور بحرین میں امریکی اڈوں پر ڈرون اور میزائل حملے کیے ہیں۔اسرائیلی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ان کی کارروائیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔تہران میں ایک رہائشی علاقے پر حملہ ہوا ہے جہاں امدادی ٹیمیں ملبے میں تلاش کا کام کر رہی ہیں۔ کویت اور سعودی عرب نے نئے ڈرون حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کے پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیل‘کویت، اردن اور بحرین میں امریکی اڈوں پر نئے حملے کیے ہیں۔جبکہ امریکی بحری جنگی جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن پر بھی میزائل داغے گئے ہیں۔