کراچی (نیوز ڈیسک) ایران پر تیل پابندیوں میں نرمی پر ٹرمپ کو شدید تنقید کا سامنا، پابندیوں میں نرمی سے ایران کو 14ارب ڈالر کا فائدہ ممکن، جنگ کے باوجود امریکی پالیسی پر سوالات، اس سے عالمی منڈی میں توازن پیدا ہوگا، امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے فیصلے کو حکمت عملی قرار دیدیا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر تیل کی پابندیوں میں نرمی دینے کے فیصلے پر شدید ردعمل کا سامنا ہے، اس اقدام سے ایران کو تقریباً 14 ارب ڈالر کا فائدہ پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ایک طرف امریکا ایران کے خلاف جنگ میں مصروف ہے جبکہ دوسری طرف اسی ملک کو معاشی فائدہ پہنچانے کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ نے براک اوباما کی جانب سے ایران کو دی گئی مالی ادائیگیوں پر سخت تنقید کی تھی۔