کراچی (رفیق مانگٹ) آبنائے ہرمز میں ٹینکرز کا 5 کروڑ 58لاکھ روپے کے ’تہران ٹول بوتھ‘ کے ذریعے متبادل راستہ، 20 جہاز ایران کی منظور شدہ قشم لارک راہداری سے گزر چکے، محفوظ سفر کے بدلے بھاری فیس وصولی کا نیا طریقہ کار سامنے آ گیا، متبادل راستے کی فیس دو ملین ڈالر تک، کم از کم دو جہازوں کی ادائیگی کی تصدیق، نئی تجارتی راہداری کو ’تہران ٹول بوتھ‘ کا نام دیا گیا۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی ایک نئے اور غیر معمولی انتظام کے تحت جاری ہے، جہاں متعدد تیل بردار بحری جہاز ایران کی منظور شدہ ایک مخصوص سمندری راہداری استعمال کر رہے ہیں جسے غیر رسمی طور پر ’تہران ٹول بوتھ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ لائیڈز لسٹ انٹیلی جنس کے مطابق کم از کم 20 بحری جہاز اس سرکاری طور پر منظور شدہ ایرانی راستے سے گزر چکے ہیں جو قشم اور لارک جزائر کے درمیان واقع ہے اور مکمل طور پر ایران کے علاقائی پانیوں کے اندر آتا ہے۔ ایران کی جانب سے بحری جہازوں کو متبادل راستے سے محفوظ گزرکی اجازت تب دی جا رہی ہے جب وہ اس نئی راہداری کے استعمال کے لیے بھاری فیس ادا کریں۔