کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ گیارہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ڈیبیو کرنے والی حیدرآباد کنگز مین کو افتتاحی میچ میں یکطرفہ مقابلے میں69 رنز سے شکست دےکر دھواں دھار آغاز کیا۔ جمعرات کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں حیدرآباد کی پوری ٹیم 130رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان مارنوس لیبو شین نے26 ، صائم ایوب نے17اور حسان خان نے14رنز بنائے۔ حارث رؤف نے22، سکندر رضا نے27 اور عبید شاہ نے27رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔ قبل ازیں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 6 وکٹ پر 199 رنز اسکور کیے۔ آخری دو گیندوں پر شاہین شاہ آفریدی نے محمد علی کو دو چھکے مارے ۔ اوپنر فخر زمان نے 39 گیندوں پر 53 ر نز کی اننگز کھیلی، انہوں نے10 چوکے لگائے۔84 رنز کے اوپننگ اسٹارٹ کے بعد دس رنز پر تین وکٹ گر گئے۔ فخر زمان نے 98 ویں اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ تین ہزار رنز مکمل کرنے والے دوسرے بیٹر ہیں۔ پشاور زلمی کے بابر اعظم 3792 رنز بناکر سب سے آگے ہیں۔ فخر زمان اور محمد نعیم نے 8 اوورز میں 84 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد نعیم 19 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، جس کے بعد عبداللہ شفیق آئے تاہم فخر زمان کی جانب سے ایک غیرضروری رن لینے کی کوشش میں وہ صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ فخرزمان 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے، پرویز حسین 13 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 14 رنز بنا سکے ،حسیب اللہ خان 28گیندوں پر 40 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔سکندر رضا نے جارحانہ24 رنز بنائے۔ محمد علی نے تین اوورز میں پچاس رنز دیے۔