کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایک ٹیسوری سب پر بھاری،سندھ کی گورنری سود سمیت واپس لیں گے، ہمارا ایک گورنر ہٹایا ہے ہم تمہارے آٹھ آئینی عہدے کھا جائیں گے، کراچی کو ذاتی مفادات کا کھلونا بنا لیا ہے، آئندہ چند دنوں عوام بڑے عوامی دھرنے کی تیاری کریں، کب تک وڈیرے جاگیردار پیدا ہوتے رہیں گے کراچی والوں کو زندہ رہنے کا حق چاہئے۔ آج انسانی حقوق کی درخواست پر آخری سماعت تھی۔ ایم کیو ایم کے کارکنوں و حامی اس درخواست کی حمایت میں آئے تھے۔ 2007میں ایک کراچی ماسٹر پلان بنایا گیا تھا۔ کے ایم سی نے اس ماسٹر پلان کو منظور کرلیا اور سندھ حکومت نے کے ایم سی کے مذکورہ ماسٹر پلان کو 2018 میں منظور کیا لیکن 2018 سے آج تک اس ماسٹر پلان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا بلکہ اس ماسٹر پلان کی سخت خلاف ورزی ہو رہی ہے۔