کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں بے لگام ڈاکوؤں کا پہلےسلام پھر میڈیکل کالج کی بس میں سوار طالبات سے لوٹ مار، شہید ملت روڈ میڈی کیئرکٹ کے قریب مسلح ڈاکو جناح میڈیکل ڈینٹل کالج کی بس کو روک کر طالبات کو لوٹ کر انتہائی اطمینان سے فرار ہوگئے ،بس میں موجود طالبات خوف سے چیخنے اور رونے لگیں،ایک طالبہ کےگلے میں موجود سونے کی چین کو جھپٹامار کر چھین لیا،طالبات سے لوٹ مار کے واقعے نےوالدین کو تشویش میں مبتلا کردیا، والدین کاکہنا ہےکہ وین سروس کے نام پر بھاری فیس،دروازے ہیں نہ کھڑکیوں کے شیشے، انتہائی خستہ حال بسیں،سکیورٹی نہ ہونا تشویش ناک ہے۔وزیر داخلہ سندھ اورآئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق نیو ٹاؤن تھانے کی حدود شہید ملت روڈ میڈی کیئرکٹ کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے جناح میڈیکل ڈینٹل کالج کی طالبات کی بس کو روک کر اسلحے کے زورپرطالبات کو لوٹ لیا ، واردات کی اطلاع ملنے پرپولیس موقع پر پہنچ گئی اورپولیس نے شواہد اکٹھا کرکے واردات کی تفتیش شروع کردی ، پولیس کے مطابق واردات صبح سوا8 بجے کے قریب انجام دی گئی میڈیکل کالج کی طالبات کولینے کے لئے بس حسب معمول آئی تھی اور انہیں لیکر کورنگی کیمپس جانا تھا 2 مسلح ملزمان نے بس میں سوارہوکر واردات انجام دی اورطالبات سے موبائل فونز،جیولری اوردیگرقیمتی سامان چھین کرفرارہوگئے،پولیس کے مطابق جس مقام پربس کھڑی ہوتی ہے اطراف میں سیکیورٹی گارڈ موجود ہوتے ہیں لیکن گزشتہ روزمیڈی کئیرہاسپٹل کے سکیورٹی گارڈ موجود نہیں تھےملزمان نے وین پر چڑھ کر واردات کی، طالبات سے موبائل فون اور بریسلیٹ چھینا گیا، مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں لوٹ مار کر نشانہ بننے والی طالبات کا کہنا ہے کہ ،مسلح ملزمان ہماری بس میں سوار ہوئے اور کہا السلام علیکم خواتین و حضرات اور اس کے بعد 2 طالبات پر بندوقیں تان لیں ،ملزمان ہمارے موبائل فونز ،طلائی زیوارات اور کیش بیگ لوٹ کر فرار ہوگئے،ایک طالبہ نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے اس کے گلے میں موجود سونے کی چین کو جھپٹامار کر چھین لیا۔