• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیند سے چھیڑ خانی، فخر زمان پر انگلیاں اٹھنے لگیں، لیول تھری جرم، مشکلات کا سامنا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران گیند کے ساتھ ’’چھیڑ چھاڑ‘‘ کے الزام میں لاہور قلندرز کے فخر زمان پر انگلیاں اٹھنے لگیں، انہیں لیول تھری جرم کے الزام میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے میچ ریفری روشن مہاناما نے پیر اور منگل کو سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فخر زمان نے دونوں سماعتوں میں جرم تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ اعلامیے کے مطابق فخر زمان نے میچ ریفری روشن مہاناما کی سربراہی میں سماعت کے دوران اپنے خلاف الزامات سے انکار کیا ہے۔ دوسری سماعت کے بعد میچ ریفری اپنا فیصلہ سنائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فخر زمان پر لیول 3 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر دیا ہے۔ میچ ریفری ان کے خلاف سماعت کا اعلان کریں گے۔ فخر زمان پر کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.14 کے تحت کارروائی شروع کی گئی ہے۔ یہ الزامات پی ایس ایل 11 کی پلیئنگ کنڈیشنز کے آرٹیکل 41.3 کی خلاف ورزی پر مبنی ہیں۔ اس آرٹیکل کے تحت میچ کے دوران گیند کی حالت میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی تبدیلی کرنا سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق گیند کی حالت تبدیل کرنے کا یہ مبینہ واقعہ میچ کی دوسری اننگز کے دوران پیش آیا۔ اس متعلق لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ مجھے گیند کی حالت میں تبدیلی کے حوالے سے علم نہیں تھا، جس کے باعث پاکستان سپر لیگ کے میچ میں ہماری ٹیم پر 5 رنز کی پنالٹی عائد کی گئی ۔ سکندر رضا نے کہا کہ امپائروں سے پوچھنا پڑے گا کہ ہوا کیا ہے۔ امپائرز نے ہمیں سائیڈ پر جانے کا کہا ، ہمارے ساتھ بال کے کمیونیکیشن نہیں ہوئی تھی۔ میں اپنا بتا سکتا ہوں کہ میں نے بال کی حالت تبدیل نہیں، میں نے شائن ضرور کیا ہے، کس نے بال کی حالت تبدیل کی کچھ نہیں کہہ سکتا ۔ یاد رہے کہ اتوار کی شب قذافی اسٹیڈیم میں کراچی کنگز لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تھی اور اسے آخری اوور میں 14 رنز درکار تھے۔ واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو کے مطابق اوورز کے درمیان وقفے کے دوران مبینہ طور پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور فخر زمان کھڑے ہیں۔ ایسے میں فخر زمان حارث رؤف سے گیند لے لیتے ہیں اور اس کے ساتھ وہ گیند واپس حارث رؤف کو تھما دیتے ہیں۔ لیکن اسی وقت امپائر حارث رؤف سے یہ گیند لے کر اسے تبدیل کر دیتے ہیں اور لاہور قلندرز پر پانچ رنز کی پنالٹی لگا دیتے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید