کراچی (اسٹاف رپورٹر) زمبابوے کرکٹ ٹیم کے پاکستانی نژاد کپتان سکندر رضا نے کہا ہے کہ لاہورکے فائیو اسٹار ہوٹل میں سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے سے شاہین آفریدی نے کوئی من مانی نہیں کی، میں نے ان سے کہا تھا کہ میری فیملی آئی ہے، وہ میری درخواست پر انہیں لے کر آئے تھے۔ میرا پی ایس ایل میں یہ پانچواں سال ہے، اب اگر پروٹوکول بنے ہیں تو اس سے میں اور شاہین لاعلم تھے۔ لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ میں اپنے مہمانوں کو جانتا ہوں، ہم نے آئی ڈی کارڈز دیئے تھے ، ملزم میں ہوں انہیں بولا تھا کہ مجھے بورڈ روم میں نہیں ملنا ۔ پنجاب پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ واقعہ ہفتے کی رات اس وقت پیش آیا جب سکندر رضا کے چار جاننے والوں نے ان کے کمرے میں جانے کی اجازت مانگی، جسے پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ اور سیکیورٹی منیجر نے مسترد کر دیا۔ حیرت انگیز طور پر، قلندرز کے مالک ثمین رانا کی جانب سے کی گئی درخواست بھی سیکیورٹی خدشات کی بنا پر مسترد کر دی گئی تھی۔ تاہم، خط میں الزام لگایا گیا ہے کہ شاہین آفریدی اور سکندر رضا سیکیورٹی اہلکاروں کی مزاحمت کو خاطر میں نہ لائے اور ان افراد کو ’’زبردستی‘‘ اپنے ساتھ لے گئے، جہاں وہ تقریباً تین گھنٹے قیام پذیر رہے۔ پنجاب پولیس نے اس واقعے پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔