کرا چی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ حکومت کا حالیہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا مجوزہ فیصلہ غریب عوام کے لیے ناقابل قبول اور تباہ کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تقریباً 44.7 فیصد آبادی پہلے ہی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور ایسے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن عوام کے معاشی حالات مزید خراب کرے گا۔ یہ بات انھوں نے فنکشنل لیگ ہاؤس کراچی میں منعقدہ عید ملن پارٹی کے موقع پر کہی ، جس میں کراچی کے ضلعی عہدیداران، کارکنان اور خواتین کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ سردار عبدالرحیم نے کہا: "مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پر مزید پابندیاں لگانا ظلم کے مترادف ہے۔ چھوٹے کاروباری طبقے کے لیے یہ فیصلہ شدید نقصان دہ ہوگا۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے شاہانہ اخراجات کم کرے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔