ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنرو چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان عامر کریم خاں نے بورڈ میں ایگزامینیشن کنٹرول روم کا افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد امتحانی نظام کو مؤثر نگرانی کے تحت لانا اور نقل کے رجحان کا مکمل خاتمہ یقینی بنانا ہے۔کمشنر نے بتایا کہ ملتان ڈویژن کے 31 حساس امتحانی مراکز کی براہ راست مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے جبکہ 196 کیمروں کے ذریعے امتحانی عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ یہ تمام کیمرے لاہور بورڈ اور صوبائی سطح پر بھی منسلک ہیں۔سیکرٹری بورڈخرم شہزاد کے مطابق کنٹرول روم میں 20 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جن میں سے 13 شکایات سننے جبکہ دیگر مانیٹرنگ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ شہریوں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن 9210014، 9210027 بھی جاری کی گئی ہے جہاں شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے، سپرنٹنڈنٹ بورڈ اشفاق احمد کو کنٹرول روم کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ۔ دریں اثنا کمشنر نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے سنٹرز کا دورہ کیا اور سہولیات، سکیورٹی اور نظم و ضبط کاجائزہ لیا۔ کمشنر گورنمنٹ کمپری ہنسو گرلز سکول کے سنٹر پہنچے جہاں طلبہ کیلئے فراہم کی گئی سہولیات، بیٹھنے کے انتظامات اور مجموعی ماحول کا جائزہ لیا گیا۔بعد ازاں کمشنر نے لاسال ہائر سیکنڈری سکول میں قائم امتحانی سنٹر کا بھی دورہ کیا۔