ملتان (سٹاف رپورٹر )بلوچستان عوامی پارٹی وومن ونگ کی صوبائی صدر اور ایمان پاکستان تحریک کی چئیرپرسن ایم پی اے فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا ان کی جماعت کے منشور کا بنیادی حصہ ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کر رہی تھیں، جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی ۔ اپنے خطاب میں فرح عظیم شاہ نے کہا کہ خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جنوبی پنجاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس خطے کو ماضی میں مسلسل نظر انداز کیا گیا، جس کے باعث یہاں کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انھوں نے اعلان کیا کہ بہت جلد علی پور میں دستکاری اور ہنر کو فروغ دینے کے لیے مختلف ادارے قائم کیے جائیں گے۔