اسلام آباد( رانا غلام قادر)وزیراعظم شہباز شریف اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کو یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی اور اس کے عالمی معیشت پر اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بحران کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے یورپی کونسل کے صدر کو مشرق وسطیٰ کے بحران میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی ثالثی کوششوں سے متعلق تازہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ یورپی کونسل کے صدر نے پاکستان کی امن کوششوں کی تائید کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ یورپی یونین خطے میں امن و استحکام کی بحالی کیلئے تمام سفارتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔