اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)پاکستان میں ایندھن کی فراہمی کا نظام غیر یقینی صورتحال کا شکار، حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے موجودہ ہفتہ وار طریقہ کار میں بڑی تبدیلیوں پر غور ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایندھن کی فراہمی کا نظام ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے کیونکہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے موجودہ ہفتہ وار طریقہ کار میں بڑی تبدیلیوں پر غور کر رہی ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب تزویراتی لحاظ سے اہم آبنائے ہرمز کے گرد بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ سرکاری اور صنعتی ذرائع کے مطابق موجودہ پلیٹس پر مبنی ہفتہ وار قیمتوں کے فارمولے کو ختم کر کے ایک نیا نظام رائج کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ یہ نیا نظام اوسط انوینٹری لاگت پر مبنی ہوگا، جس کا تعین ماہانہ یا پندرہ روزہ بنیادوں پر کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی ایک کمیٹی اس مجوزہ تبدیلی کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے، جس میں مصدق ملک مشاورت کے عمل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔