کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر صحافیوں اسلام آباد سے کامران یوسف اور واشنگٹن ڈی سی سے ادریس علی نے کہا ہے کہ امریکی نائب صدر ذاتی طور پر جنگوں کے خلاف رہے ہیں، معاہدہ ایران امریکہ یا اسرائیل کے درمیان نہیں ہوگا باقی فریقین کا انٹرسٹ بھی سامنے رکھا جائیگا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان محمد جنید سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان محمد جنیدنے کہا کہ ایران جنگ ایک مہینے سے طویل ہوگئی ہے مگر اب بھی حالات امریکہ کے کنٹرول سے باہر ہیں۔ ٹرمپ کا اب کہنا ہے کہ زمینی کارروائی کر کے ایران کا تیل قبضہ میں لے گا۔ ایران نے کہا ہے یہ امریکہ کی بہت بڑی غلطی ہوگی۔ پاکستان جنگ بندی کے لئے سب سے رابطے میں ہے۔ذرائع کے مطابق ترکیے، مصر اور سعودی عرب خلیج سے تیل کی ترسیل کو منظم کرنے کے لیے کنسورشیم بنا سکتے ہیں اور پاکستان کو بھی اس میں شامل ہونے کا کہا گیا ہے۔