کراچی( ثاقب صغیر )شہریوں کی چھینی اور چوری کی گئی موٹر سائیکلوں کو واپس کرنے کے لیے ملزمان کی جانب سے شہریوں سے پیسے طلب کیے جانے لگے۔تفصیلات کے مطابق شہر میں اسٹریٹ کرمنلز کی جانب سے جہاں شہریوں کو ان کی موٹر سائیکلوں سے محروم کیا جا رہا ہے وہیں اب ملزمان نے ان چھینی اور چوری کی گئی موٹر سائیکلوں کو واپس دینے کے لیے شہریوں سے پیسے طلب کرنا شروع کر دئیے ہیں۔اس حوالے سے متعدد شہریوں کو کالز کر کے ان سے رابطہ کیا گیا ہے اور ان کی موٹر سائیکل کی تفصیل بتا کر ان سے پیسوں کا تقاضا کیا گیا ہے۔گزشتہ روز بھی ضلع سینٹرل کے تھانے سرسید کی حدود سے چوری کی گئی موٹر سائیکل کے مالک کو کال کی گئی جس میں ملزمان کی جانب سے شہری کو بتایا گیا کہ اس کی موٹر سائیکل انہوں نے 80 ہزار روپے کی خریدی ہے اور اگر شہری اپنی موٹر سائیکل واپس لینا چاہتا ہے تو انھیں ایک لاکھ روپے دے کر اپنی موٹر سائیکل واپس لے سکتا ہے۔شہر کے دیگر تھانوں کی حدود میں بھی اسی طرح چوری اور چھینی گئی موٹر سائیکل کے مالکان کو کالز کی گئی ہیں۔ایس ایچ او تھانہ سرسید فرخ ہاشمی کے مطابق اس سے پہلے بھی ایک شہری نے ان کے تھانے کی حدود میں اس طرح کی شکایت کی تھی تاہم چونکہ اسے کال واٹس ایپ نمبر سے کی گئی تھی اس لیے وہ ٹریس نہیں کی جاسکی تاہم گزشتہ روز جس شہری کو کال کی گئی وہ موبائل نمبر سے کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نمبر ٹریس کر کے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔