کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے دادو میں بااثر سرداروں کے حامیوں کی سرعام فائرنگ اور لاقانونیت پر شدید غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کو وڈیروں اور سرداروں کی جاگیر بنا دیا گیا ہے، جہاں قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلح جتھوں کے سامنے بے بس اور خاموش تماشائی نظر آتے ہیں! تہرے قتل کیس کے ملزمان کی بریت پر پولیس کی موجودگی میں دیدہ دلیری سے کی گئی ہوائی فائرنگ سندھ حکومت کی نااہلی اور ’’جنگل کے قانون‘‘ کی بدترین مثال ہے۔ حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی نے متحدہ کے مرکز ِ بہادر آباد سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں دادو میں تہرے قتل کیس میں نامزدقبائلی سرداروں ا راکین سندھ اسمبلی سردار غیبی خان چانڈیو اور برہان چانڈیو کی بریت کے موقع پر ان کے حامیوں کی شدید اندھا دھند ہوائی فائرنگ اور اس دوران پولیس کی مجرمانہ خاموشی پر گہری تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے کہا کہ دادو شہر میں بااثر سرداروں کے مسلح جتھوں کی سرعام فائرنگ نے صوبائی حکومت کے امن و امان کے کھوکھلے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔