اسلام آباد( صالح ظافر) تیونس کی ناظم الامور محترمہ درآصف معروفی نے پاکستان اور تیونس کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی جانب سے تیونس کی حمایت دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی بنیاد رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ وہ انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں سنٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ کے زیر اہتمام، پاکستان افریقہ انسٹیٹیوٹ فار ڈیولپمنٹ اینڈ ریسرچ کے تعاون سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر سفیر خالد محمود اور سینیٹر مشاہدحسین و دیگر نے بھی خطاب کیا، تیونسی ناظم الامور نے اس موقع ہر ترجیحی تجارتی معاہدے کے ذریعے تجارت بڑھانے، ثقافتی و سیاحتی روابط کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے تیونس کے نامیاتی زیتون کے تیل کی مہارت کو تعاون کے ایک اہم شعبے کے طور پر اجاگر کیا اور کہا کہ تیونس پاکستان کے ساتھ اس شعبے میں شراکت داری کا خواہاں ہے جسے PTA کے ذریعے مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔