کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عوام کو بہتر اور بروقت علاج کی سہولت فراہم کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،سندھ حکومت عوامی خدمت کے مشن پر کاربند ہے ، تمام وسائل بروئے کار لا کر صوبے کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے یو جے کے وفد سے ملاقات کے موقع پر بات کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کو درپیش مسائل، ان کے حل اور دیگر امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ صوبے کے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور پائیدار ترقی کے لیے مختلف شعبوں میں جامع اور مربوط اقدامات کئے ہیں، حکومت کا وژن ایک ایسا سندھ ہے جہاں ہر شہری کو بنیادی سہولیات، روزگار اور معیاری زندگی میسر ہو۔ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے سڑکوں کی تعمیر و مرمت، شہری منصوبہ بندی اور ترقیاتی اسکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے، سرکاری اسپتالوں کی اپ گریڈیشن، جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈاکٹروں و طبی عملے کی استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔