کراچی (سید محمد عسکری)حکومت سندھ نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود طلبہ کے لیے اسکول ٹرانسپورٹ چارجز میں کسی بھی قسم کے اضافے پر سخت پابندی عائد کردی ہے اور تمام نجی تعلیمی اداروں کو اس حوالے سے مکمل ڈیٹا جمع کرانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کی ایڈشنل ڈائریکٹر رفیعہ ملاح کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق یہ ہدایات صوبے بھر کے تمام نجی اسکولوں اور تعلیمی اداروں کے پرنسپلز اور ایڈمنسٹریٹرز کو ارسال کی گئی ہیں۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ طلبہ کے پک اینڈ ڈراپ کے لیے استعمال ہونے والی اسکول وینز اور دیگر کرایہ پر حاصل کردہ ٹرانسپورٹ سروسز کے کرایوں میں حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ ٹرانسپورٹرز اور وین مالکان کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ والدین پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے اور ٹرانسپورٹ سروسز کا نظام بلا تعطل جاری رہ سکے۔