کراچی (بابر علی اعوان)سندھ میں ریبیز سے بچاؤ کیلئے معالجین کی خصوصی تربیت کا آغاز۔ علاج عالمی معیار پر لانے کیلئے “سیف سندھ ریبیز پروگرام” فعال، 22 ماسٹر ٹرینرز تیار۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں کتوں کے کاٹے سے متاثرہ افراد کو عالمی ادارۂ صحت کے اصولوں کے مطابق علاج فراہم کرنے کے لیے معالجین کی تربیت کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں منگل کو ماسٹر ٹرینرز کی پہلی پانچ روزہ تربیت مکمل ہو گئی، جس میں کراچی اور حیدرآباد کے 10 اسپتالوں سے تعلق رکھنے والے 22 طبی عملے کے افراد نے شرکت کی۔ یہ تربیت سندھ حکومت اور انڈس اسپتال ہیلتھ نیٹ ورک کے مشترکہ منصوبے “سیف سندھ ریبیز پروگرام” کے تحت منعقد کی گئی۔ تربیتی سیشن بیک وقت انڈس یونیورسٹی اسپتال کراچی کے ریبیز ٹریننگ سینٹر اور ڈاکٹر سکندر علی میندھرو سول اسپتال بدین میں منعقد ہوئے۔