کراچی( اسٹاف رپورٹر )حکومت سندھ نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے نئے اوقات کار نافذ کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق دکانوں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور دیگر کاروباری مراکز کے اوقات کار فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ تمام اضلاع میںدکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیئے جائیں گے جبکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بندش کا وقت رات 9بجے مقرر کیا گیا ہے۔ یہ احکامات ہفتے کے ساتوں دن، بشمول ہفتہ اور اتوار، لاگو رہیں گے۔ حکومت سندھ نے واضح کیا ہے کہ تنور، دودھ اور ڈیری شاپس، بیکریز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال اور پیٹرول پمپس ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔ریسٹورنٹس، ہوٹل اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو صرف شام 7 بجے سے رات 11 بج کر 30 منٹ تک ڈنر سروس کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ حکومت سندھ کے اعلامیہ کے مطابق شادی ہالز اور بینکوئٹس کو تقریبات کے انعقاد کی اجازت رات 8بجے سے 12 بجے تک دی گئی ہے۔