میرپورخاص(نامہ نگار/سلیم آزاد) میرپور خاص میں نجی میڈیکل کالج کی طالبہ کا اپنے گھر میں مبینہ خودکشی کرنے کے افسوس ناک واقعہ میں اہم پیشرفت، پولیس نے میڈیکل کالج کے پرنسپل انکی پروفیسر اہلیہ اور فارماسسٹ سمیت دو طالب علموں کے خلاف ہراسانی سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی دوسری جانب کالج انتظامیہ نے الزام کے زدمیں آئے فارماسسٹ کو معطل کرکے الزامات کی انکوائری کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں سیٹلائیٹ ٹاون تھانے کی حدود اسکیم نمبر2میں نجی میڈیکل کالج کی تھرڈ ایئر کی طالبہ فہمیدہ لغاری بنت انتظار لغاری کا اپنے گھرمیں خود کوگولی گولی مار کرپراسرار طورپر خودکشی کرنے کے واقعہ کے خلاف سیٹلائیٹ ٹاون پولیس نے متوفیہ کے ماموں افتخار لغاری کی مدعیت میں میڈیکل کالج کے پرنسپل تنویر عالم ان کی اہلیہ پروفیسر فرزانہ، فارماسسٹ ڈاکٹر عابد لغاری اور طالب علم عبدالرحمان اور عبداللہ کے خلاف ہراسانی اور دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے، ادہر یونیورسٹی وکالج کے منیجنگ ٹرسٹی وچانسلر پروفیسر سید رضی محمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس افسوس ناک واقعہ پر ذاتی طور پر دکھ ہے ۔