صوابی(نمائندہ جنگ) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صوابی کے آفیسر نے تکرار پر دفتر کے اندر ہی فائرنگ کرکے بی آئی سی پی کی خاتون سرویئر کو قتل کر دیا ، پولیس تھانہ صوابی کی رپورٹ کے مطابق عمران خان سکنہ محلہ گلشن آباد نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ مقامی بیکری میں ملازم ہے ، جمعہ کے روز معمول کے مطابق بیکری میں موجود تھے جب کہ انکی 43سالہ بیوی جو کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سروئیر کی حیثیت سے کام کررہی تھی صوابی ، جہانگیرہ روڈ پر مال لار کے مقام پر واقع دفتر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام گئی ہوئی تھی اس دوران اطلاع ملی کہ ان کی بیوی پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر میں شاکر سکنہ محلہ خدو خیل بام خیل جو بی آئی ایس پی کے آفیسر ہیں نے اسلحہ آتشیں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ان کی بیوی شدید زخمی ہو گئی جب وہ جائے وقوعہ پر پہنچا،دیکھا تو وہ ریسکیو گاڑی میں منتقل کرتے وقت جاں بحق ہو گئی تھی ، وجہ عناد یوں بیان کی گئی ہے کہ گذشتہ روز ملزم شاکر کا مقتولہ کے ساتھ کسی بات پر تکرار ہوا تھااور ملزم کے خلاف میں نے کمپلینٹ کی تھی ، پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔