• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کی پروقار پاسنگ آؤٹ تقریب

لاہور ( آصف محمود بٹ) سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) کے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) میں 48ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام (ایس ٹی پی) کی پروقار پاسنگ آؤٹ تقریب منعقد ہوئی جس میں55افسران نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کر کے عملی میدان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے اگلے مرحلے میں قدم رکھ دیا۔ گلگت بلتستان کی بھرپور نمائندگی، خانسا ملک کیلئے صدارتی گولڈ میڈل ،عادل ریاض کا تعلیمی میدان میں کارکردگی پر اعزاز۔ڈائریکٹر جنرل سی ایس اے ڈاکٹر فرحان عزیز خواجہ نے کہا کہ پاکستان کو کثیر جہتی تبدیلی کے دور کا سامنا، حل کیلئےپیشہ ورانہ مہارت ہی نہیں مضبوط کردار بھی ناگزیر ہے۔ تقریب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ افسران اپنی ذمہ داریوں کو محض سرکاری ملازمت نہیں بلکہ عوامی خدمت کے مقدس فریضے کے طور پر ادا کریں۔فارغ التحصیل ہونے والے افسران ملک کے تمام اہم حصوں کی نمائندگی کرتے ہیں جن میں پنجاب سے 30، سندھ سے 9، خیبر پختونخوا سے 5، بلوچستان سے 3 جبکہ سابق فاٹا اور آزاد جموں و کشمیر سے ایک ایک افسر شامل ہے۔ اس بیچ میں خاص طور پر گلگت بلتستان سروس کے 6 افسران جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں ۔تقریب کے مہمان خصوصی ریکٹر نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی و ڈائریکٹر جنرل سی ایس اے ڈاکٹر فرحان عزیز خواجہ نے اپنے خطاب میں فارغ التحصیل افسران کو ان کی ذمہ داریوں کی نزاکت اور اہمیت کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ تربیت سے عملی زندگی میں داخلہ دراصل“آزمائش کی ابتدا”ہے۔ڈاکٹر فرحان عزیز خواجہ نے مزید کہا کہ سول سروسز اکیڈمی ہمیشہ سے ایسے باصلاحیت اور تربیت یافتہ افسران تیار کرتی رہی ہے جو نہ صرف حکومتی پالیسیوں کے نفاذ میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں بلکہ معاشرتی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود میں بھی اہم حصہ ڈالتے ہیں۔تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں اسناد اور اعزازات تقسیم کیے گئے۔ خانسا ملک نے مجموعی کارکردگی میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے صدراتی گولڈ میڈل اپنے نام کیا اور بیچ کی نمایاں ترین افسر قرار پائیں، جبکہ عادل ریاض کو تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی پر اعزاز دیا گیا۔کھیلوں کے مقابلوں میں بھی افسران نے بھرپور حصہ لیا۔ افتخار علی مردوں کے لان ٹینس اور اسکواش میں نمایاں رہے جبکہ خواتین میں زوپاش آغا اور سحرش رحمت نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن میں محمد عبداللہ، زہرہ منیر، صبیح احمد اور خانسا ملک نے نمایاں کھیل پیش کیا۔تیراکی کے مقابلوں میں محمد حسنات امان بہترین مرد تیراک جبکہ جویریہ ڈار بہترین خاتون تیراک قرار پائیں۔ افتخار علی کو بہترین آل راؤنڈر اسپورٹس مین اور بہترین گھڑ سوار کا اعزاز دیا گیا جبکہ خانسا ملک کو بہترین آل راؤنڈر اسپورٹس وومن قرار دیا گیا۔بہترین نظم و ضبط اور کردار کے اعتراف میں 10 افسران کو سرٹیفکیٹس دیے گئے جن میں عادل ریاض، کائنات، ماہ رخ ملک، مہوش ارشاد، محمد حسنات امان، مجاہد وسیم درانی، ثناء اعجاز، ثناء شفقات، تیرتھ کمار اور زوپاش آغا شامل ہیں، جبکہ جویریہ ڈار کو مثالی کردار پر خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔اجتماعی کارکردگی میں سنڈیکیٹ گروپ IV کو“ڈیزاسٹر مینجمنٹ پالیسی اور عملی نفاذ کے درمیان خلا”پر تحقیقی مطالعے کے باعث بہترین گروپ قرار دیا گیا، جس کی قیادت ماہ رخ ملک نے کی۔“سوشل پروٹیکشن”سوسائٹی کو بہترین ہفتہ وار سوسائٹی کا اعزاز دیا گیا۔تعلیمی میدان میں مختلف مضامین میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں میں محمد اویس سلطان (پبلک گورننس)، آصفہ سلیم (ریونیو ایڈمنسٹریشن اور کلائمیٹ ایکشن)، عادل ریاض (فنانشل مینجمنٹ اور قوانین)، خانسا ملک (لوکل گورنمنٹ اور پائیدار ترقی) اور اوکاشہ ابرار رانا (انسانی حقوق) شامل ہیں۔تقریب میں سینئر افسران اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جن میں ڈائریکٹر پی اے ایس ڈاکٹر فیصل ظہور، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن بلال اکرم، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم سی ایم سی نازیہ جبین، ایڈیشنل ڈائریکٹر پی اے ایس عثمان علی ، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے سینئر افسران سمن رائے، ڈاکٹر نوید الٰہی اور فاروق عدیل اور سینئر صحافی آصف محمود بٹ شامل تھے۔تقریب کے اختتام پر ایک علامتی شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی، افسران اور فیکلٹی ممبران نے پودے لگا کر ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقی اور ذمہ دارانہ طرز حکمرانی کے عزم کا اعادہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید