• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیمبرج کی ایک اور ریاضی کا پرچہ لیک ہونے کی تصدیق، پرچہ ملتوی

کراچی(سید محمد عسکری)کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے ایس لیول ریاضی کے ایک اور پرچے کے قبل از وقت لیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان میں منگل کو ہونیوالا ریاضی کا امتحان ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ جب کہ لیک ہونے کے خدشے کے پیش نظر جمعہ 15 مئی کو ہونے والا اے ایس لیول کا پرچہ 32 ( 9709) ملتوی کرکے اسے ایک نئے امتحانی پرچے سے بدل دیا جائے گا اور جون سیریز کے اندر جمعہ 22 مئی تک امتحان کی نئی تاریخ سے آگاہ کردیا جائے گا۔ کیمبرج نے طلبہ اور والدین سے اپیل کی کہ وہ صرف ادارے کے سرکاری بیانات پر اعتماد کریں اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات سے گریز کریں۔ کیمبرج کے مطابق 12 مئی کو لئے گئے کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس لیول ریاضی پرچہ 52 (9709) کو انتظامی زون 3 اور 4 میں مقررہ وقت سے قبل شیئر کیا گیا، جو ادارے کے امتحانی ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ لیک کے دائرہ کار اور آئندہ کے اقدامات کا تعین کیا جاسکے۔ کیمبرج نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں 15 مئی کو ہونے والا اے ایس لیول ریاضی پرچہ 32 (9709) احتیاطی تدبیر کے طور پر ملتوی کردیا گیا ہے۔ ادارے کے مطابق امتحان کی جگہ نیا پرچہ لیا جائے گا جبکہ نئی تاریخ کا اعلان 22 مئی تک کردیا جائے گا۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اے ایس اور اے لیول کے نتائج کے اجرا کی تاریخ 11 اگست برقرار رہے گی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ کیمبرج پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے کہا کہ ادارے کی اولین ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ اس واقعے سے طلبہ متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کی شفافیت اور گریڈز کی ساکھ برقرار رکھنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ جامعات اور دیگر ادارے ان نتائج پر اعتماد برقرار رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ امتحانی سیزن میں پیپر چوری اور لیک ہونے کے واقعات غیر معمولی نوعیت کے ہیں اور ادارے کا خیال ہے کہ اس کے پیچھے ایسے عناصر کارفرما ہیں جو امتحانی نظام اور طلبہ کے مستقبل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ کیمبرج نے کہا کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی اور انتظامی کارروائی کے مختلف راستوں پر کام جاری ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اگرچہ ادارہ انفرادی الزامات پر تبصرہ نہیں کرتا، تاہم ہر شکایت کی تحقیقات کی جاتی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید