ملتان(سٹاف رپورٹر) یوتھ ڈویلپمنٹ چیپٹر کے زیر اہتمام ممبر شپ ڈرائیو پورٹل کی افتتاحی تقریب صوبائی مرکز اسلامک سینٹر میں منعقد ہوئی جس کا افتتاح امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کیا،تقریب میں نوجوانوں کی بڑی تعداد اور یوتھ ڈویلپمنٹ چیپٹر کے ذمہ داران نے شرکت کی‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں،آج کا دور نوجوانوں کے لیے بے شمار مواقع کے ساتھ متعدد چیلنجز بھی لے کر آیا ہے، ان حالات میں نوجوانوں کی دینی، اخلاقی اور سماجی تربیت ناگزیر ہو چکی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نوجوانوں کو ایک متوازن، باکردار اور ذمہ دار شخصیت بنانے کی تعلیم دیتا ہے،قرآن و سنت کی روشنی میں کردار سازی ہی وہ بنیاد ہے جس پر ایک مضبوط فرد، مستحکم خاندان اور مثالی معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے،انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں استعمال کریں، علم و ہنر حاصل کریں، اپنے کیریئر کی منصوبہ بندی کریں اور معاشرے کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔