ٹورنٹو، کینیڈا(شکیل یامین کانگا)کھیل کے آخری لمحات میں ایک بار پھر ارجنٹائن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل دو گول کرکے انگلینڈ کی فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل کھیلنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا دوسرے ہاف میں انگلینڈکے انتھونی گورڈن گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی لیکن کھیل کے آخری لمحات میں ارجنٹائن کے فرنانڈیز اور مارٹینز نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیاجہاں اس کا مقابلہ اتوار کو فائنل میں اسپین سے ہوگا۔ ارجنٹائن کی ٹیم ساتویں بار فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔تین بار اسے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل رہا جبکہ تین بار رنرز اپ رہی۔ اٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ ابتدا سے ہی انتہائی سنسنی خیز رہا۔میچ کا آغاز تیزرفتاری سے ہوا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں ایک دوسرے کو دھکے دیکر گیند حاصل کرنے کی کوششیں کرتے رہے۔