کراچی(سید محمد عسکری ) ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ پروفیسر رفیعہ ملاح نے رجسٹریشن اتھارٹی کی جانب سے منظور کردہ فیس سے زائد ٹیوشن فیس لینے اور سالانہ فیس وصول کرنے پر فروبل (Frobel) اسکول گلشن اقبال کراچی کی تینوں شاخوں کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ فروبل اسکول کی انتظامیہ کے خلاف طلبہ کے والدین کی جانب سے مسلسل زائد فیس اور سالانہ فیس لینے شکایات موصول ہو رہی تھیں جب کہ طے شدہ قانون کے مطابق اسکول انتطامیہ طلبہ کو کل تعداد کے 10 فیصد کو فری شپ بھی فراہم نہیں کر رہی تھی۔ جس کی روشنی میں اسکول کو بذریعہ خط سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ان غیر قانونی فیسوں کی وصولی کو فوری طور پر بند کریں اور پندرہ دن کے اندر اندر تمام غیر قانونی طور پر وصول شدہ فیس والدین کو واپس کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ قانون کے مطابق مستحق طلبہ کوفری شپ فراہم کریں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مندرجہ بالا ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں اسکول کے خلاف سندھ پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ( ریگولیشن اینڈ کنٹرول ) آرڈینینس کی شق نمبر 8 کے مطابق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مذکورہ بالا اسکول کی انتظامیہ کو اس خط جاری کرنے سے پہلے ان غیر قانونی طور پر وصول شدہ فیسوں پر اظہار جوہ کے نوٹس جاری کئے تھے جس کا اسکول انتظامیہ نے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا جس پر اسکول انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئیں کہ وہ ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ کے دفتر میں شنوائی کے لئے حاضر ہو کر اپنا موقف پیش کریں لیکن اسکول انتظامیہ دوران شنوائی ان زائد فیسوں کی وصولی پر کوئی بھی تسلی بخش جواب یا کوئی بھی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کر سکی تھی۔