• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک حادثات میں پولیس اہلکار اور کم عمر لڑکے سمیت 3 افراد جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہرکے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں پولیس اہلکار اور کم عمر لڑکے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک کم عمرلڑکا زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں واقع شاہربھٹوپرکے آئی اے ٹول پلازہ سے ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے پر موٹر سائیکل اور واٹر ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار پولیس اہلکار 24سالہ محمد عالیان ولد محمد طارق موقع پر جاں بحق ہوگیا،حادثہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر متوفی پولیس اہلکارکی میت کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا ،ایس ایچ او تھانہ کورنگی صنعتی علاقہ حکم داد نے بتایا ہے کہ متوفی پولیس اہلکار سندھ پولیس کے ریپڈ رسپانس فورس ( آر آر ایف ) قیوم آباد ہیڈ کوارٹرمیں تعینات تھا اور ملیر کھوکھراپارمیں اپنی رہائش سے ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ شاہر بھٹو پر سڑک کنارے کھڑے واٹرٹینکرسے عقب سے ٹکرا گیا اورموقع پر جاں بحق ہوگیا،پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی پولیس اہلکار کی لاش ورثاء کے حوالے کردی ۔گڈاپ سٹی تھانے کی حدود سپرہائی وے ٹول پلازہ حلال ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوارنوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی کی شناخت 28 سالہ فاروق شاہ ولد عبدالحمید شاہ کے نام سے ہوئی ہے ، متوفی نوجوان مکان نمبرD 8 لیبر اسکوائر نیو کراچی سیکٹر 16B کا رہائشی تھا،پولیس کے مطابق متوفی نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ گومنے پھرنے نکلا ہوا تھا کہ سپرہائی وے ٹول پلازہ حلال ہوٹل کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکرسے جاں بحق ہوگیا جبکہ حادثہ کے بعد ذمہد ار ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا،پولیس کے مطابق متوفی نوجوان کے اہلخانہ کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے، ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی نوجوان کی لاش اس کے سگے بھائی بلال شاہ کے سپرد کردی،جمشید کوارٹر تھانے کی حدودنیوایم اے جناح روڈ پراسلامیہ کالج کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک کم عمرلڑکا جاں بحق دوسرا شدید زخمی ہوگیا جنہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کم عمرلڑکے کی شناخت 14 سالہ بلال ولدعرفان اورزخمی کم عمرلڑکے کی شناخت 15 سالہ امان ولد افضل کے نام سے ہوئی ، پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی کم عمر لڑکے پی آئی بی کالونی کے رہائشی ہیں اورحادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے ، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی کم عمر لڑکے کی لاش ورثا کے حوالے کردی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید