• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت PIA کیلئے طیارے خرید رہی ہے نہ قرض دے رہی ہے، مشیر خزانہ

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) وزیر خزانہ کےمشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت PIA کیلئے طیارے خرید رہی ہے نہ قرض دے رہی ہے، پی آئی اے اور امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایگزم) کے حوالے سے حقائق واضح کرنا ضروری ہیں، گردش کرنے والے بعض تبصروں میں نجکاری اور برآمدی قرضہ فراہم کرنے والے ادارے کے کردار کو درست طور پر نہیں سمجھا گیا،انہوں نے کہا ہےکہ دنیا کے کسی بھی ایگزم بینک کی طرح، امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کا بنیادی مقصد بھی اپنے ملک کی برآمدات اور روزگار کو فروغ دینا ہے، بوئنگ طیارے امریکی برآمدات ہیں، امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک غیر ملکی خریداروں، بشمول فضائی کمپنیوں، کو مالی معاونت فراہم کرتا ہے، خرم شہزاد نے کہا کہ امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے فریم ورک میں اثاثوں کی بنیاد پر طیاروں کی فنانسنگ کی گنجائش موجود ہے، طیارہ خود فنانسنگ کے لیے سکیورٹی کے طور پر استعمال ہو سکتا ہے، حکومتی ضمانت لازمی شرط نہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کا کردار پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے بین الاقوامی فنانسنگ، ٹیکنالوجی، سپلائرز اور سرمایہ کاری کے دروازے کھولنا اور سہولت فراہم کرنا ہے،وزیر خزانہ کی امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک سے بات چیت صرف پی آئی اے تک محدود نہیں تھی، بات چیت میں ہوابازی، ریفائنریوں کی توسیع و بہتری اور ریکو ڈِک سمیت مختلف شعبوں میں ممکنہ مالی معاونت کے مواقع زیرِ غور آئے، حکومت تجارتی سرگرمیوں میں ریاست کا کردار بتدریج کم کرنے، نجکاری کو آگے بڑھانے اور نجی سرمایہ کاری کے لیے زیادہ گنجائش پیدا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

اہم خبریں سے مزید