• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ملتان سے اسلام آباد سپر لانگ مارچ کا آغاز ہوگا، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ، حکومت نے عوام کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ملتان سے اسلام آباد سپر لانگ مارچ شروع کیا جائے گا۔ پیٹرولیم لیوی، مہنگی بجلی، آئی پی پیز کے معاہدوں اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک جاری ہے، اسے ختم نہیں بلکہ موخر کیا گیا ہے،نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر احتجاجی کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران اشرافیہ کے اخراجات کم اور عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ گھٹائیں کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاجی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، عوام سے کروڑوں محضرنامے پُر کروا کر اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، جدوجہد صرف عوام کے حقوق کیلئے ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی مکمل ختم، آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی اور بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں، جبکہ مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے حکمران طبقہ اور اشرافیہ اپنے اخراجات کم کرے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن محضرنامہ لے کر گلی گلی اور بازاروں میں جائیں، عوام کو مسائل سے آگاہ اور مطالبات کے حق میں متحد کریں۔ جب عوام اپنے حقوق کیلئے متحد ہوں گے تو حکمرانوں کو مطالبات تسلیم کرنا پڑیں گے۔ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور وزیراعظم کی بیرون ملک دورے سے واپسی پر ان سے دوٹوک بات ہوگی۔حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت عوامی احتجاج روکنے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہوگی، لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی لیکن عوام کے بڑی تعداد میں باہر نکلنے پر حکومت کو پیچھے ہٹنا پڑا۔ عوامی احتجاج جمہوری حق ہے، جماعت اسلامی یہ جدوجہد حقیقی ریلیف ملنے تک جاری رکھے گی۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا مشکل کردیا ہے جبکہ تاجر برادری بھی شدید پریشان ہے۔
اہم خبریں سے مزید