کراچی (ثاقب صغیر) ایف آئی اے نے عمرے کی آڑ میں خواتین کے جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے ویزے کی آڑ میں خواتین کی جنسی استحصال کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خاتون مسافر انیشہ بی بی کی نشاندہی پر ملتان ایئرپورٹ سے محمد امجد نامی ایجنٹ کو گرفتار کر لیا۔خاتون مسافر انیشہ بی بی فلائٹ نمبر SV801 کے ذریعے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جا رہی تھی۔امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک ہونے پر خاتون مسافر کو مزید جانچ پڑتال کے لیے شفٹ انچارج کے حوالے کیا گیا۔ابتدائی تفتیش کے دوران خاتون مسافر کو جنسی استحصال کے لئے بیرون ملک بھجوانے کے اہم شواہد برآمد کر لئے گئے۔خاتون مسافر کے موبائل فونز، چیٹس اور دیگر ڈیجیٹل مواد کی جانچ کے دوران کمرشل جنسی استحصال سے متعلق مبینہ شواہد سامنے آئے۔دوران تفتیش جنسی استحصال کے منظم نیٹ ورک سے متعلق اہم تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔حکام کے مطابق خواتین کے جنسی استحصال میں ملوث منظم گینگ کا سرغنہ سعودی عرب سے گینگ چلا رہا تھا۔سعودی عرب میں مقیم ایجنٹ نے عمرہ ویزے کی آڑ میں مسافر کو سعودی عرب بھجوانے کے انتظامات کیے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون مسافر کو سعودی عرب میں جنسی استحصال کا نشانہ بنانے کا مبینہ منصوبہ تھا۔خاتون مسافر کے زیر استعمال موبائل فونز اور دیگر متعلقہ مواد کو مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے اور اسے ایجنٹ سمیت ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔