کراچی(نیوز ڈیسک) شہید محترمہ بے نظیر بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف ٹراما (SMBBIT) کراچی کے زیر اہتمام ٹراما اینڈ ایمرجنسی رسپانس سینٹرز لاڑکانہ اور سکھر کے تعاون سے ٹراما آگاہی ہفتہ 2026 اور عالمی یومِ ٹراما 2026 کی تقریبات 15 سے 17 اکتوبر تک منعقد ہوں گی۔15 اکتوبر کو ایس ایم بی بی انسٹی ٹیوٹ آف ٹراما کراچی میں افتتاحی تقریب ہوگی، جس میں ٹراما آگاہی ہفتہ کی پرچم کشائی اور زبانی و پوسٹر پریزنٹیشنز پیش کی جائیں گی۔16اکتوبر کو ایس ایم بی بی آئی ٹی کے سیمینار ہال میں مختلف اداروں کے ماہرین پر مشتمل مذاکرہ ہوگا، جس کا موضوع "ہم اپنے معاشرے میں حادثات اور چوٹوں کی روک تھام کیسے کر سکتے ہیں؟" ہوگا۔17 اکتوبر کو ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے معین آڈیٹوریم میں عالمی یومِ ٹراما کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔